ارجنٹائن کی قسمت کا فیصلہ ہوگا،فرانس اور کروشیا بھی میدان میں
ماسکو:گروپ سی اور ڈی کی ٹیمیں پہلے راونڈ کے آخری مرحلے کیلئے میدان میں اتریں گی۔ جس میں سب سے اہم اور دلچسپ میچ ارجنٹائن کا ہو گا۔ ارجنٹائن کو فیفا ورلڈ کپ میں شامل رہنے کیلئے نہ جیت کے ساتھ بڑے مارجن کی بھی ضرورت رہے گی۔ 26جون کو بھی4میچز کھیلے جائیں گے۔ گروپ سی کی ٹیمیں آسٹریلیا اور پیرو شام 5بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ سوچی کے فشٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی وقت گروپ سی میں ڈنمارک کی ٹیم فرانس کے مقابلے میں ہو گی ۔یہ میچ لیوزنکی اسٹیڈیم ،ماسکو میں کھیلا جائیگا۔ ارجنٹائن کی جیت کیلئے لیونل میسی اپنی ٹیم کی پوری توانائیاں استعمال کرنے کی کوشش کریں گے تا کہ نائیجیریا سے بڑے مارجن سے میچ جیتا جا سکے اور عالمی مقابلوں میں اپنا وقار قائم رکھا جا سکے۔ گروپ ڈی کا یہ میچ رات 9بجے شروع ہوگا جو سینٹ پیٹرزبرگ کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔چوتھے اور آخری میچ میں گروپ ڈی کی ٹیمیں کروشیا اور آئس لینڈ کھیلیں گی۔ یہ میچ بھی رات 9بجے شروع ہو گا روستوو ارینا اسٹیڈیم ، روستواونڈون میں کھیلا جائیگا۔