لیونل میسی کی بھی پاناما پیپرز میں آف شور کمپنی
پاناما سٹی: فیفا ورلڈ کپ میں ٹیم اور اپنی ذاتی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر اور کپتان لیونل میسی ایک اور مشکل میں پھنس گئے اور پاناما لیکس کی نئی دستاویز میں ا نہیں بھی ایک آف شور کمپنی کا مالک قرار دیا گیا ہے ۔دو سال قبل جاری کیے گئے پاناما پیپرز نے دنیا بھر میں ہنگامہ برپا کردیا تھا جس میں پاکستان سمیت دنیا کے متعدد حکمرانوں اور سیاستدانوں سمیت معروف شخصیات کی آف شور کمپنیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔پاناما پیپرز کی نئی جاری کردہ دستاویزات میں میسی کی آف شور کمپنی کا انکشاف ہوا ہے۔ میسی اور ان کے والد کے خلاف پہلے ہی اسپین میں ٹیکس چوری کا مقدمہ چل رہا ہے اور اب نئی آف شور کمپنی سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔میسی پر الزام ہے کہ ان کی یوراگوئے اور بیلز میں آف شور کمپنیاں ہیں اور اب انکشاف ہوا ہے کہ پاناما میں ان کی میگا اسٹار انٹرپرائز کے نام سے ایک اور آف شور کمپنی ہے۔جب 2016ءمیں میسی سے اسٹار انٹرپرائز کے متعلق سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ یہ کمپنی کام نہیں کر رہی لیکن پاناما پیپرز کی دستاویزات نے ان کے دعووں کو غلط ثابت کردیا تاہم میسی کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ ایک پرانا معاملہ ہے جو کارپوریٹ اسکیم کا حصہ تھا اور اس کے مقدمے کا فیصلہ پہلے ہی سنایا جا چکا ہے، یہ کمپنی اب کام نہیں کر رہی۔حقیقت جو بھی ہو میسی کی مشکلات بہرحال بڑھ گئی ہیں ایسے میں اگر ان کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہوتی ہے تو ان کیلئے حالات کا مقابلہ مزید مشکل ہو جائے گا۔