اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی، سردار مہتاب عباسی، خواجہ آصف اور پی ٹی آئی کی فردوس عاشق اعوان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں الیکشن اپیلٹ ٹریبونل میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی نے سرمد حنیف کی جانب سے دائر کی گئی سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے کاغذات نامزدگی کے خلاف جمع کرائی گئی درخوست پر سماعت کی اور درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔اسی ٹریبونل میں جسٹس سید شہباز رضوی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 72 سے زید لطیف کی جانب سے سابق وزیر فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواست بھی مسترد کردی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ امیدوار (فردوس عاشق اعوان) نے کاغذات نامزدگی میں شادی اور بچوں کا خانہ پُر نہیں کیا جبکہ انہوں نے اپنی جائداد کی تفصیلات بھی ظاہر نہیں کیں۔اُدھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اپیلٹ ٹریبونل نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کے کاغذات نامزدگی کے خلاف ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -کلثوم نواز کا انفیکشن بڑھتا جا رہاہے،نواز شریف