تحریک انصاف کی کئی حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ؟
اسلام آباد...عام انتخابات میں تحریکِ انصاف نے4جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ق)، عوامی مسلم لیگ،مجلسِ وحدت مسلمین اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں 15 سے زائد امیدواروں کی جیت کا یقین ہے۔ پی ٹی آئی نے مسلم لیگ(ق)کے ساتھ قومی اسمبلی کے4 حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔ گجرات کے2، چکوال اور بہاولپور کے ایک، ایک حلقے میں پی ٹی آئی کے ووٹرز مسلم لیگ (ق)کا ساتھ دیں گے۔ پی ٹی آئی کی عوامی مسلم لیگ کے ساتھ راولپنڈی کے2 حلقوں این اے 60 اور 62 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ۔ ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف نے بھکر کے ایک حلقے میں مجلسِ وحدت مسلمین کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے ۔ سندھ میں 10 سے زائد سیٹوں پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ضیا کے ساتھ اعجاز الحق کی سیٹ پر بھی ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کا پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا پلان تھا لیکن طاہر القادری کی جانب سے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا گیا۔