پاک فضائیہ کا طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ
پشاور: باچا خان ہوائی اڈے پر پاک فضائیہ کا طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں ایف 7 پی جی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا اور اپنی پرواز مکمل کرنے کے بعد ہوائی اڈے پر لینڈ کررہا تھا کہ اس دوران تباہ ہوگیا۔ واقعے کے بعد ائرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کرکے فوری امدادی کارروائی شروع کی گئی۔ذرائع کے مطابق تربیتی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے وقت دھماکے کی آواز سنی گئی۔ طیارے میں 2 پائلٹ سوار تھے جو شہید ہو گئے، تاہم پاک فضائیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی۔