Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقیمین غیر لائسنس یافتہ شپنگ کارگو والوں سے اجتناب برتیں ، جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی

 ریاض..... جنرل اتھارٹی آف ٹرانسپورٹ نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اور مقامی شہریوںکو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا سامان باقاعدہ لائسنس یافتہ شپنگ کارگو کمپنی کے ذریعے بھجوائیں ۔ غیر قانونی طور پر دکانیں کھولنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ عاجل ویب نیو ز نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتھارٹی کو ایسی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں لوگوں نے بعض شپنگ کارگو سروس کے بارے میں شکایات درج کروائی تھیں جن کے ذریعے انہو ںنے سامان بھجوایا جو گم ہوگیا تھا ۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مقیمین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسی کارگو سروس کا انتخاب کریں جن کے پاس اس فیلڈ کا لائسنس ہو اور وہ باقاعدہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہوں ۔کارگو سروس کا انتخاب کرنے سے قبل اس امر کی یقین دہانی کرنا ہر ایک صارف کا حق ہے کہ جس کمپنی کی خدمات وہ حاصل کررہا ہے وہ لائسنس یافتہ ہے یا نہیں ۔ غیر لائسنس یافتہ دکانوں یا نام نہاد کارگو سروس والوں سے اجتناب برتیں ۔ مملکت میں باقاعدہ لائسنس یافتہ کارگو سرو س کی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا لائسنس نمایاں مقام پر آویزاں کریں جسے صارف باآسانی دیکھ سکتا ہو۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس ضمن میں مزید کہا کہ کارگو سروس کے سب ایجنٹوں کا انتخاب کرتے وقت بھی صارفین احتیاط کریں ۔ سب ایجنٹوں کو بھی باقاعدہ لائسنس جاری کئے جاتے ہیں ۔ لائسنس یافتہ کارگو سروس یا سب ایجنٹوں کے ذریعے سامان بھجوانے والوں کے حقوق محفوظ رہتے ہیں ۔جنرل اتھارٹی آف ٹرانسپورٹ کی جانب سے مارکیٹ میں موجود نام نہاد کارگو ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جن میں غیر لائسنس یافتہ شپنگ کارگو کمپنیوں پر جرمانے عائد کئے اور انہیں سیل بھی کیا جا چکا ہے ۔
 

شیئر: