بچہ چور کے شبہ میں بھیڑ نے ریڑھی والے کو موت کے گھاٹ اتار دیا
اگرتلہ۔۔۔۔تری پورہ میں بھیڑ نے بچہ چور ہونے کے شبہ میں اتر پردیش کے ریڑھی والے کو مبینہ طورپیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ دیگر 2کو شدیدزخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ مغربی تری پورہ کے مراباری علاقے میں پیش آیا۔ نائب پولیس افسر اسمرتی رنجن داس نے بتایا کہ صبح ساڑھے نو بجے غیر ریاستی 3ریڑھی والے کاروبار کی غرض سے یہاں آئے ہوئے تھے۔ وہ بٹر بن سے کرائے کی گاڑی لیکر علاقے میں پہنچے تو لوگوں نے انہیں بچہ چور سمجھ کر گھیر لیا اور زدوکوب کرنا شروع کردیا۔ ریڑھی والوں نے کسی طرح سے جان بچاکر تری پورہ اسٹیٹ رائفل کے احاطے میں پناہ لی۔ تقریباً ایک ہزار سے زائد افراد کی بھیڑ ان کا تعاقب کرتے ہوئے احاطے میں گھس آئی اور ایک ریڑھی والے کو پکڑلیا اور اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔پولیس نے بتایا کہ مقتول ریڑھی والا اتر پردیش کا رہائشی تھا جبکہ زخمی ہونیوالے دیگر ریڑھی والوں کا تعلق یوپی اور بہار سے ہے۔ واقعہ کے بعد تری پورہ پولیس کے نگران اعلیٰ اے کے شکلا نے ضلع میں انٹر نیٹ سروس 48گھنٹے کیلئے معطل کرنے کی ہدایت جاری کی اورواقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔