تاجروں نے600 ملین ریال کی ڈیوٹی بچانے کیلئے محکمہ کسٹم کو چکمہ دیدیا
ریاض.... مقامی تاجروں نے سال رواں کے ابتدائی تین ماہ کے دوران 600 ملین ریال سے زیادہ کی ڈیوٹی بچانے کیلئے سعودی محکمہ کسٹم کو چکمہ دے دیا۔ 7492 معاملات میں کسٹم ڈیوٹی بچائی گئی۔ اس کا انکشاف مشکوک معاملات کی ازسرنو تفتیش کے دوران ہوا۔ محکمہ کسٹم نے الاقتصادیہ کو اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ اشیاءدرآمد کرنے والی کمپنیوں نے محکمہ کسٹم کے افسران کے سامنے درآمدی اشیاءکی قیمت 928 ملین ریال رکھی تھی جبکہ باریک بینی سے جائزہ لینے پر پتہ چلا کہ درآمدی اشیاءکی حقیقی قیمت 1.6 ارب ریال سے کہیں زیادہ ہے۔ اس فرق کی بناءپر درآمدی تاجروں نے 673 ملین ریال سے زیادہ کا محکمہ کسٹم کو نقصان پہنچا دیا۔ انہوں نے 111 ملین ریال کسٹم ڈیوٹی ادا کرکے اپنا کام چلا لیا۔ دوسری جانب محکمہ کسٹم نے ڈیوٹی سے ہونے والی آمدنی کی بابت بتایا کہ سا ل رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران 4.7 ارب ریال کی آمدنی ہوئی جبکہ 20 ملین ریال سے زیادہ جرمانوں کی مد میں وصول کئے گئے۔