ڈاکٹر ذاکر نائک کو آج ہندوستان لایا جائیگا؟
نئی دہلی۔۔۔۔۔میڈیا کے بعض ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائک کو آج ہندوستان لانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ آئی این اے کے ترجمان الوک متل نے کہا کہ ان کے پاس اس سلسلے میں ابھی کوئی معلومات نہیں ۔مقامی ٹی وی چینل ٹائمز ناؤ کے مطابق ذاکر نائک پر قومی تحقیقاتی ایجنسی نے 2017ء میں مختلف مقدمات درج کئے۔ذاکرنائک این آئی اے اور ای ڈی کی تفتیشی ایجنسیوں کا سامنا کررہے ہیں۔بنگلہ دیش نے کہا تھا کہ پیس ٹی وی پر تقریر سے ڈھاکا میں 2016ء میں دہشتگردانہ حملہ ہوا تھاجس میں ایک ہندوستانی لڑکی سمیت 22افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ نائک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو 2016ء میں غیر قانونی قراردیدیا گیا تھا۔ اس معاملے میں 18کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کرنے کے الزامات کی تحقیقات ڈائریکٹوریٹ کررہا ہے۔اُدھرڈاکٹر ذاکر نائک نے نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے الزامات کو مسترد کیا اورہندوستان واپسی کی خبروں کو بے بنیاد قراردیا۔انہوں نے کہا کہ جب میں خود کو محفوظ سمجھونگا اور حالات ساز گار ہونگے تو ضرور وطن واپس آؤنگا۔