پنجاب میں بارشیں‘ لاہور ڈوب گیا‘ ہلاکتیں 15 ہوگئیں
لاہور: صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات و واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 15 اور زخمیوں کی تعداد بھی 50 سے متجاوز ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروں میں شدید بارش ہوئی جبکہ صوبائی دارالحکومت بارش کے نتیجے میں تقریباً پورا ہی پانی میں ڈوب گیا جس کے بعد سابق حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے دعوؤں کا پول بھی کھل گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں آج بھی صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے اہم سڑکیں اور گلیاں زیر آب آ گئی ہیں جبکہ انتظامیہ بھی نکاسی آب میں مصروف ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے نظام زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے جبکہ پانی نکالنے کے نامناسب انتظامات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔