آئندہ وزیر اعظم ،عمران خان یا چوہدری نثار؟
جمعرات 5 جولائی 2018 3:00
اسلام آباد... سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے آئندہ انتخابات میں معلق پارلیمنٹ کی پیشگوئی کی ہے۔ ایسے میں حکومت سازی کے لئے آزاد امیدواروں کا کردار اہم ہوگا ۔پنجاب میں قومی اسمبلی نشستوں پر 65سے زائد امیدوار جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا انتخابی نشان بھی جیپ ہے۔ چوہدری نثار اگرچہ کسی جیپ گروپ یا نثار گروپ بنائے جانے کی تردید کرتے ہیں لیکن ن لیگ چھوڑ کر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے والوں نے جیپ ہی کا نشان کیوں منتخب کیا۔ یقینا معاملہ اتنا سادہ نہیں ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی میڈیا سے گفتگو میں اشارہ دے چکی ہیں کہ جیپ کے نشان کو پڑنے والے ووٹ خلاقی مخلوق کو جائیں گے۔ جیپ کے نشان والے وہی لوگ ہیں جو آج تک ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دے رہے جس کے نتیجے میں کوئی وزیر اعظم اپنی مدت پوری نہیں کرسکا ۔انتخابی نشان کے حوالے سے ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ تحریک انصاف سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو مٹکے کا نشان الاٹ ہو اہے۔ ان میں کئی امیدوار ایسے ہیں جو الیکشن جیت سکتے ہیں۔ یوں انتخابات کے بعد اگر جیپ اور مٹکے کے نشان پر بڑی تعداد میں امیدوار جیتنے میں کامیاب ہو گئے تو پاکستان کی سیاست کا رخ بدل سکتا ہے۔ یہ بھی قیاس آرائیاں کی جار ہی ہیں کہ تمام مٹکے جیپ میں رکھ دئیے جائیں اور چوہدری نثار کو آگے لایا جائے۔ ڈرائیونگ سیٹ ان کے پاس ہو۔ اسٹبلشمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسی صورت میں مقتدر حلقے بھی شایدعمران خان کے مقابلے میں چوہدری نثار کو ترجیح دیں ۔