راجر فیڈرر دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل
لندن: ومبلڈن کے دفاعی چیمپیئن اور مایہ ناز سوئس ٹینس اسٹارراجر فیڈرر جاپانی کمپنی کے ساتھ 230ملین پونڈ کے اسپانسر شپ معاہدے کے نتیجے میں دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں اور برطانوی جریدے کے مطابق وہ ملکہ سے بھی زیادہ امیر ہو گئے ہیں۔ لندن میں جاری ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں راجر فیڈرر معروف امریکی کمپنی کے بجائے اب اپنی نئی اسپانسر کمپنی کی کٹ میں کھیل رہے ہیں تاہم وہ اب بھی امریکی کمپنی کے ٹینس شوز استعمال کررہے ہیں، جس کے ساتھ انہوں نے اپنا 23سال سے جاری کنٹریکٹ حال ہی میں ختم کیا ہے کیونکہ جاپانی کمپنی ابھی ٹینس شوز نہیں بناتی۔ فیڈرر کے نئے معاہدے کو دنیائے کھیل کا سب سے مہنگا معاہدہ کہا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہی کہ فیڈرر نے دنیا کو اپنے نئے اسپانسرشپ معاہدے کی ہوا نہیں لگنے دی اور جب وہ نئی کٹ میں میچ کھیلنے آئے تو اس کا انکشاف ہوا۔اس معاہدے کے بعد فیڈرر او ران کی پرانی اسپانسر کمپنی میں ”RF8“لوگو پر قانونی جنگ جاری ہے ۔ یہ لوگو فیڈرر کے جوتے پر چسپاں ہوتا ہے جو ان کے نام کا محفف اور ومبلڈن کے8ٹائٹلز جیتنے کی نشاندہی کرتا ہے۔سوئس ٹینس اسٹار کے درجنوں دیگر کمپنیوں کے ساتھ بھی معاہدے ہیں اور وہ ان کی بدولت اس وقت کسی بھی کھلاڑی کی نسبت سب سے زیادہ دولت سمیٹ رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وہ انعامات کی صورت میں88ملین پونڈ جیتے ہیں جبکہ انہوں نے اسپانسر شپ معاہدوں سے602ملین پونڈ سمیٹے۔ فیڈرر کی اپنی مینجمنٹ کمپنی ہے جو ان کے انتظامی امور اور میڈیا سے تعلقات کیلئے کام کرتی ہے ،کہا جاتا ہے کہ اگر وہ اپنی تمام اسپانسر کمپنیوں کے لوگو استعمال کریں تو ان کی کٹ پر کوئی جگہ خالی نہ رہے۔