راجر فیڈرر نے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا
موناکو: عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے سال کے بہترین اسپورٹس مین کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا جبکہ کھیل میں شاندار واپسی کے حوالے سے بھی وہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے ۔ موناکو میں ہو نے والی رنگا رنگ تقریب کے دوران سوئس ٹینس اسٹار کو یہ ایوارڈز پیش کئے گئے۔سابق عالمی نمبر ون امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز کو اسپورٹس وومن آف دی ایئر کا ایوارڈ ملا تاہم وہ اس تقریب میں شریک نہیں تھیں۔سرگیو گارشیا کو بریک تھرو آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا جنہوں نے یو ایس ماسٹرز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ راجر فیڈرر نے 2017میں انجری کی وجہ سے6ماہ ٹینس کورٹ سے دور رہنے کے بعد واپس آکر پہلے آسٹریلین اوپن اور پھر ومبلڈن ٹائٹل جیتا۔ اس سال وہ آسٹریلین اوپن ٹائٹل کا دفاع کرنے میں بھی کامیاب ہو چکے ہیں اور20سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جبکہ 36سال کی عمر میں دوبارہ عالمی نمبر ون بننے کا منفرد کارنامہ بھی انجام دیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے فیڈرر نے کہا کہ پچھلا سال میرے لئے بہت انوکھا تھا اور میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جن کی مدد اور حمایت نے مجھے واپسی اور کامیا بیاں سمیٹنے کا حوصلہ دیا۔