یوراگوئے،فرانس،برازیل،بیلجیئم کوارٹر فائنلز میں ٹکرائیں گے
ماسکو:فیفا ورلڈ کپ 2018ءکوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، آج ابتدائی 2میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں یوراگوئے کا مقابلہ سابق چیمپیئن فرانس سے ہوگا ، یہ میچ شام 5بجے نزہنی نووگوراڈ میں کھیلا جائے گاجبکہ ایک اور سابق چیمپیئن ٹیم برازیل سیمی فائنل تک رسائی کیلئے بیلجیئم کا سامنا کرے گی۔ 7جولائی کو فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنلز میں سویڈن کا مقابلہ انگلینڈ سے جبکہ میزبان روس کا سامنا کروشیا سے ہو گا۔ یوراگوئے اور فرانس کے میچ کے حوالے سے ٹیموں کا جائزہ لیا جائے تو یوراگوئے ان 3 ٹیموں میں شامل ہے جس نے اپنے تینوں گروپ میچز میں کامیابی حاصل کی۔ اب تک اس کا دفاع بھی کافی بہتر رہا ہے۔ کپتان ڈیگو گوڈن دفاعی لحاظ سے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں جبکہ اسٹرائیک فورس ایڈنسن کیوانی اور لوئس سواریز جیسے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔کیوانی کی فٹنس ٹیم کیلئے تشویش کا باعث بن سکتی ہے جو پری کوارٹر فائنل میں پرتگال کو ہرانے کے بعد خود بھی لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہرآئے تھے۔دوسری جانب فرانس کی کارکردگی بھی بہتر رہی،اسے کیلیان مباپے جیسے نوجوان اسٹار کی خدمات حاصل ہیں جو پہلے ہی پیلے کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ مباپے نے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2گول کئے اورٹیم کی فتح میں بھرپور حصہ ڈالا تھا۔سابق چیمپیئن ٹیم کو یوراگوئے کے مضبوط دفاع میں دراڑیں ڈالنے کا چیلنج درپیش ہوگا جو کیلیان مباپے کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیگا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کا سامنا کرنے والی برازیلی ٹیم5مرتبہ کی چیمپیئن ہے ۔ برازیل کا ڈیفنس بھی کافی بہتر رہا۔ سوئٹزرلینڈ کیخلاف1-1 سے برابر میچ کے بعد برازیل نے کوسٹاریکا، سربیا اور میکسیکو سے اپنے میچ 0-2کے مارجن سے جیتے، جس کی بدولت ٹیم مسلسل ساتویں مرتبہ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ۔ بیلجیئم سے میچ برازیل کیلئے سخت آزمائش ہوگی۔ بیلجیئم کی ٹیم بھی فیورٹ میں شامل ہے اور اس نے پری کوارٹر فائنل میں جاپان کیخلاف 0-2ے خسارے میں جانے کے باوجود2-3گول سے کامیابی حاصل کرکے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔