خوشحال کشمیر کا خواب امن میں مضمر ہے، راجناتھ سنگھ
سری نگر۔۔۔۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال جموں و کشمیر کا خواب صرف امن سے ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا پختہ عزم ہے کہ ریاست میں ایک دیانتدار اور موثر انتظامیہ کے ذریعے امن و استحکام اور خوشحالی کا ماحول برپا کیا جائے۔ وادی کشمیر کے دورے پر آئے راجناتھ سنگھ نے ان باتوں کا اظہارایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹویٹر پر تحریر کیا۔انہوں نے جموں و کشمیر میں گورنر اور ریاستی انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ میں ریاست کی صورتحال کا جائزہ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے بہتر حکومت کا قیام خواب بن کر رہ گیا تھا۔