پاکستان میں ریسلنگ کا خواب پورا ہونے والا ہے، بادشاہ خان
کراچی:پاکستان کے دورے پر جانے والے غیرملکی ریسلرز نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں اور یہ کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے ۔ برطانیہ کے ٹائنی آئرن، فرانس کے برام، پاکستان نثراد فرانسیسی پہلوان بادشاہ خان اور امریکی خاتون ریسلر ریبل نے پاکستان کو محفوظ ملک قراردیا۔ رنگ آف پاکستان کے عاصم شاہ نے کہاکہ ان انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد میں آئی ایس پی آر نے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا ہے۔ بادشاہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقابلے کا ان کا خواب پورا ہو نے والا ہے اور امید ہے کہ یہ مقابلے پاکستان میں پہلوانی کے فن کو ایک مرتبہ پھر فروغ دینے کا سبب بنیں گے۔برطانوی ریسلر ٹائنی آئرن نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان آنے پر خوشی ہے، پاکستانی شائقین پہلوانی کے دلدادہ اور اس فن سے رغبت رکھتے ہیں۔خاتون ریسلر ریبل نے کہاکہ اس سے قبل بھی پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی،اب بھی اپنے فن سے سب کو محظوظ کرنے کی کوشش کروں گی، پاکستان مجھے بہت پسند ہے۔ریسلر برام نے کہا کہ پاکستان آکر اپنے ملک جیسا احساس ہورہا ہے، پاکستان کے فروٹ اور جوس شوق سے استعمال کرتا ہوں۔واضح رہے کہ کراچی اور اسلام آباد میں شیڈول ایونٹس میں دنیا بھرسے20 سے زائد ریسلرز رنگ میں نظر آئیں گے۔ قبل ازیں 2017 ء میں ہونے والا پہلا ایڈیشن ریسلر بادشاہ خان کے نام رہا تھا۔