پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل رہی ہے، پی ٹی آئی مقررین
ریاض میں تحریک انصاف پنجاب ونگ کی تقریب، پارٹی رہنما اور ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی
ذکاء اللہ محسن- - ریاض
پاکستان تحریک انصاف پنجاب ونگ سعودی عرب کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیکڑوں ورکرز نے شرکت کی۔
مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں پی ٹی آئی کے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بدلنے جا رہی ہے اور موروثی سیاست کے خاتمے کے ساتھ ہی باریاں لینے والی پارٹیوں کی ملک پر اجارہ داری بھی ختم ہو جائیگی۔ 25 جولائی کا دن ثابت کرے گا کہ پاکستانی عوام ملک میں جاری فرسودہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے خواہاں ہیں۔
پی ٹی آئی پنجاب ونگ کے صدر رضوان اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عمران خان ہی واحد ایسا لیڈر ہے جو ملک کو مسائل سے نکال سکتا ہے اور کرپشن سے پاک کر سکتا ہے۔ اب عام آدمی بھی یہ بات سمجھ چکا ہے کہ اس کو اپنے حالات بدلنے کیلئے روایتی سیاست دانوں اور نام نہاد لیڈروں سے جان چھڑانی ہوگی۔آج پوری قوم عمران کی دست بازو بن چکی ہے۔ نوجوانوں کو چاہئیے کہ وہ 25 جولائی کو بھرپور طریقے سے باہر نکلیں اور ووٹ کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے عمران خان کو برسر اقتدار لائیں ۔
پی ٹی آئی سٹی ریاض کے صدر بخت شیر خان، سینیئر رہنما ندیم بھٹی، ملک کامران، گل زیب کیانی اور رانا کاشف نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پی ٹی آئی کی گورنمنٹ میں بہتری کی جانب بڑھے گا۔ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا اور ملک اقتصادی و دفاعی طور پر مستحکم ہوگا جبکہ خارجہ پالیسی کو بہتر بنا کر دنیا بھر سے تعلقات کو مظبوط بنانے کے علاوہ سبز پاسپورٹ کی عزت کروائی جائیگی۔اووسیرز پاکستانی ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں مگر ان کے حقوق کو ہمیشہ پس پشت ڈالے رکھا گیا ہے۔ پی ٹی آئی جہاں بیرون ممالک اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی وہیں پر ان کے مسائل کوبھی اہمیت دیتے ہوئے حل کرے گی اور پاکستان میں بھی ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیگی۔ پاکستان کی آزادی کو 70 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے مگر ہمارے بعد دنیا کے نقشے پر ابھرنے والے ممالک ہم سے آگے نکل گئے۔ نام نہاد لیڈروں نے ایک جانب ملکی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور قوم کا مستقبل تاریک بنا دیا دوسری جانب اپنے مقاصد کی خاطر ملکی اداروں کی بدحالی کا سبب بھی بنے جس سے کرپشن نیچے تک سرایت کر گئی۔ آج بھی وقت ہے کہ ہم درست سمت کا تعین کر لیں۔شخصیات کی سیاست سے کنارکشی کرکے اچھی لیڈر شپ کو سامنے لے کر آئیں جو ملک وقوم کی تعمیر ترقی کو بہتر انداز میں ممکن بنا سکے۔ اس سے ہماری موجودی اور آئندہ نسل کا مستقبل بھی تابناک ہوگا اور دنیا بھر میں ہمارا وقار بھی بلند ہوگا ۔
تقریب کے آخر میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا گیا۔