ورلڈ ا سنوکر:حارث طاہر اور محمد نسیم ناک آوٹ مرحلے میں
بیجنگ:پاکستانی کیوئسٹس حارث طاہر اور محمد نسیم فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 اسنوکر چیمپیئن شپ کے ناک آﺅٹ مرحلے میں پہنچ گئے۔ حارث طاہر فتوحات کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ ایونٹ میں ناقابل شکست ہیں۔ محمد عمر خان کو متواتر تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چین میں جاری ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے گروپ کیو میں پاکستانی کیوئسٹ حارث طاہر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف تھائی لینڈ کے کیوئسٹ کیساڈا کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 فریمز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی۔ اس کے بعد حارث نے تیسرے اور آخری گروپ میچ میں بیلجیئم کے کیوئسٹ سائبرین کو بھی زبردست مقابلے کے بعد 3-2 فریمز سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اور اس کے ساتھ ہی ناک آﺅٹ مرحلے کا ٹکٹ کٹوا لیا۔ گروپ آر میں پاکستان کے محمد نسیم نے اپنے دوسرے گروپ میچ میں آئرش کیوئسٹ سین ڈیوینی کو 3-2 فریمز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی اور ناک آوٹ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ محمد نسیم کو تیسرے گروپ میچ میں چینی کیوئسٹ وو یائز کے ہاتھوں 3-1 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔