بی جے پی نے کسانوں سے قربت بڑھانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا
لکھنؤ - - - - -بی جے پی نے اب کم از کم سہارا قیمت (ایم ایس پی) کے توسط سے کسانوں سے اور قربت بڑھانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی 21 جولائی کو شاہ جہاںپور میں کسانوں کے کانفرنس میں اس کا آغاز کریںگے۔ بی جے پی نے یہ منصوبہ بھی بنایا ہے کہ کانفرنسوں اور سیمینار کے ذریعہ مودی اور یوگی حکومت کے کسانوں کے مفاد میں کئے گئے فیصلوں کو بتایا جائے گا۔اس دوران مرکزی حکومت کے کچھ وزراء اور ریاست کے ممتاز رہنماؤں نے دورے شروع کئے ہیں۔ یہ سب اپنے دورے میں صرف ایم ایس پی اور کسانوں کیلئے کئے گئے کام کی چرچاکر رہے ہیں۔ شاہ جہاں پور کے علاوہ وزیر اعظم مودی 9 جولائی کو نوئیڈا اور 14 اور 15 جولائی کو اعظم گڑھ اور وارانسی آنے والے ہیں۔ لکھنؤ میں 28 یا 29 جولائی کو ان کی آمد کا بھی امکان ہے۔بھلے ہی کچھ کسان اور اپوزیشن خریف فصلوں کیلئے مرکزی حکومت کے سہارا قیمت کو ناکافی بتا رہا ہو، پر بی جے پی کے پالیسی سازوں کا خیال ہے کہ ان کے پاس ایسے دلائل ہیں جن سے وہ کسانوں کو سمجھا سکیں گے۔