پاکستان میں مصنوعی دل لگانے کا پہلا آپریشن کامیاب
کراچی... پاکستان میں پہلی مرتبہ مصنوعی دل لگانے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے ۔ملکی تاریخ میں شعبہ طب نے اہم سنگ میل عبور کرلیا ۔ کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں پہلی مرتبہ مصنوعی دل لگانے کا آپریشن کیا گیا ۔62 سالہ نفیسہ میمن پہلی مریضہ ہیں جنہیں مکینیکل دل لگایا گیا ان کا دل صرف 15 فیصد کام کررہا تھا۔ڈاکٹروں کی ٹیم کی سربراہی معروف ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کی ۔ ڈاکٹرز کی ٹیم کے دیگر ممبران میں امریکی ڈاکٹر شامل ہیں۔ ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن آپریشن میں تقریباً 5 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ آپریشن کے بعد سربراہ قومی ادارہ برائے امراض قلب ڈاکٹر ندیم نے آپریشن کی کامیابی کا اعلان کیا۔ معروف سرجن ڈاکٹر پرویز چوہدری نے بتایا کہ یہ ایک مصنوعی دل ہے جسے لگانے پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مصنوعی دل لگانے کا عمل کامیاب ہوگیا اور مریض کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔