رفحاء ..... سعودی شہری عناد الشمری نے واضح کیا ہے کہ 25 سے 30 برس تک رفحاءمیں والد کی زیر کفالت کیفے ٹیریا اور بقالے وغیرہ پر کام کرنے والے 4ہندوستانی مزدوروں نے محبت اور وفاداری کی نئی مثال قائم کردی۔ انہوں نے سعودی عرب سے وطن واپسی پر کیرالہ میں زیورات کی دکان قائم کی اور اسے " رفحاءگولڈ" کا نام دیا۔ الشمری نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد زیر کفالت عملے کے معاملات ا ور ترکہ کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوا تو ہم لوگوں نے ہندوستانی کارکنان کو پیشکش کی کہ وہ کسی اور کے نام نقل کفالہ کرا لیں تاہم انہوں نے شکریہ کے ساتھ پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی اور اپنی مرضی سے ہندوستان واپسی کا پروگرام بنا لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کے والد ہی نے نہیں بلکہ رفحاءکمشنری کے سب لوگوں نے غیر معمولی پیار دیا۔ والد نے ہمارے ساتھ اولاد جیسا برتاﺅ کیا۔ ہم اپنی یہ خوبصورت یادیں لے کر یہاں سے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان جاکر رفحاءگولڈ کے نام سے دکان کھول کر اہل رفحاءسے اپنی محبت کی تاریخ رقم کرا دی۔ ایک ا طلاع کے مطابق جدہ سے لکھنو واپس جانے والے ایک اور ہندوستانی شہری حافظ محمد صہیب نے "جدہ کیفے " قائم کرکے عروس البحرالاحمر سے اپنی وفاداری کا مظاہرہ کیا تھا۔