نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف درخواست
لاہور: عدالت عالیہ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو نیب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی طرف سے ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کے ذریعے ایک لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا قانون 18 ویں ترمیم کے بعد ختم ہو چکا ہے۔ جس کے باوجود سابق وزیر اعظم کو اس قانون کے تحت سزا دی گئی ہے۔ لہٰذا نیب کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 10 ، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ نواز شریف کے بیٹوں حسین نواز اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے اور ان کی وطن واپسی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے ریڈ وارنٹ بھی جاری کردیے گئے ہیں۔