جدہ .... جدہ کے شمال مشرقی علاقے میں واقع بریمان کے مقام تشلیح پر بدھ کو زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ شہری دفاع کی ٹیموں نے کارروائی کرکے آگ پر قابوپالیا۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں ناکارہ گاڑیاں جمع کی جاتی ہیں اور ان سے پرزے نکال کر فروخت کئے جاتے ہیں۔ شہری دفاع کے نائب ترجمان کرنل وحید مراد نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ناکارہ گاڑیوں کے3 مقامات پر 4 سے 5 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں آگ لگی تھی۔ وہاں پرانی گاڑیوں کے ڈھانچے ایک دوسرے پر رکھے ہوئے تھے۔ شہری دفاع کی ٹیموں نے آگ سے متاثرہ مقامات تک رسائی حاصل کرنے کیلئے راہداریاں بنائیں۔ اس کیلئے سرتوڑ کوششیں صرف کرنا پڑیں۔ آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کے اسباب دریافت کرنے کیلئے تحقیقاتی ٹیم قائم کردی ہے۔ متاثرہ علاقے میں اس قسم کی آگ لگنے سے مختلف سوالات جنم لیتے ہیں کیونکہ وہاں ایسی گاڑیاں کثیر تعداد میں تھیں جو تقریباً ناکارہ تھیں۔ پولیس، سیکیورٹی دستے، ٹریفک ، ہلال احمر اور نیشنل واٹر کمپنی کے اہلکار جائے وقوعہ پہنچ گئے تھے۔