پشاور بم دھماکے سے جمہوریت پسند طاقتوں کو دھچکا لگا، پاکبانوں کا ردعمل
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
کسی بھی طور صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوٹنا چاہئے، وحشیانہ اور ظالمانہ حملے کی بھرپور مذمت، مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماﺅں کا اظہار افسوس
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) پشاور بم دھماکہ سے جمہوریت پسند طاقتوں کو دھچکا لگا۔ پاکستانی کمیونٹی نے اس پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں اس کی مذمت کی۔ مسلم لیگ ن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ واقعہ سے دلی تکلیف ہوئی۔ 3 نسلیں، دو دھماکوں کی نذر ہو گئیں، یہ ایک المیہ بھی ہے اور سوالیہ نشان بھی ۔ جمعیت علمائے اسلام کے قاری عزیزالرحمان کا کہنا تھا کہ اے این پی کے مرکزی رہنما ہارون بلور کا قتل نہ صرف افسوسناک بلکہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے کمزور دعوﺅں کی یکسر نفی بھی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اقبال ودود کا کہنا تھا کہ ہارون بلور کی ہلاکت نہ صرف بلور خاندان اور عوامی نیشنل پارٹی کیلئے بلکہ جمہوریت پسند قوتوں اور پورے پاکستان کا بہت بڑا نقصان ہے۔ قاضی اسحاق میمن نے کہا کہ اس خاندان کی پے در پے قربانیاں رنگ لائیں گی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پر رحم فرمائے۔ معروف کالم نگار مبشر انوار نے کہا کہ کسی بھی طور صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوٹنا چاہئے۔ پیپلزپارٹی کے یونس ابو غالب نے کہا کہ افسوس صد افسوس۔ دکھ کے اظہار کے لیے کوئی لفظ نہیں۔ وقار نسیم وامق نے کہا اس خونی کھیل کو بند ہونا چاہئے۔چوہدری مبین کا کہنا تھا کہ اے این پی کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور اس وحشیانہ اور ظالمانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ پاک سرزمین فورم مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر رکن نیشنل کونسل پاک سرزمین پارٹی شمشاد علی صدیقی ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر نعیم خان اور مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے دھماکے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔ پاکستانی قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔