روہت شرما نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا
ناٹنگھم:ہندوستانی اوپنر روہت شرما ون ڈے کرکٹ کے دوران انگلینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے ہندوستانی کرکٹر بن گئے۔انہوں نے ناقابل شکست 137رنز بنا کر اپنے کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے 2011میں بنایا تھا۔ کارڈف میں کھیلے گئے 2011کے اس میچ میں کوہلی نے 107رنز بنائے تھے۔ ون ڈے کرکٹ میں یہ انگلینڈ کے لئے تیسرا موقع تھا جب اس کے فاسٹ بولرز 21اوورز کے دوران مخالف ٹیم کی کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ اس سے پہلے 2006میں سری لنکا کے خلاف لارڈز میں انگلینڈکے بولرز کو 24اوورزاور ڈرہم میں 27اوورز کے بعد کوئی وکٹ ملی تھی۔ ہندوستانی ٹیم نے بقیہ گیندوں کی تعداد کے حوالے سے انگلینڈ میں انگلینڈ کے خلاف دوسری بڑی فتح سمیٹی ۔ اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم نے 2014کے دوران ایجبسٹن میں 207رنز کا ہدف 117گیندیں پہلے حاصل کرلیا تھا۔