کویت کا کوئی بھی جزیرہ چین کو پٹے پر نہیں دیاگیا، نائب وزیر خارجہ
اتوار 15 جولائی 2018 3:00
ریاض.... کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجار اللہ نے واضح کیا ہے کہ کویت کا کوئی بھی جزیرہ چین کو پٹے پر نہیں دیاگیا۔ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ا ن ابلاغی رپورٹوں پر تبصرہ کررہے تھے جن میں دعویٰ کیاگیا تھا کہ چین نے کویت کے جزیرے فیلکا اور جزیرہ بوبیان کو پٹے پر حاصل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ چین ان دونوں جزیروں میں 450 ارب ڈالر کی لاگت سے ہوٹل، تجارتی مراکز، دکانیں اور تفریحی مقامات تیار کرنا چاہتا ہے۔ 99 برس کے پٹے پر کویت سے یہ جزیرے حاصل کرے گا۔ خالد الجار اللہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امیر کویت نے دورہ چین کے موقع پر 7 معاہدے کئے۔ دورہ کامیاب رہا البتہ پٹے والی بات من گھڑت ہے ۔ ذرائع ابلاغ متعلقہ اداروں سے رجوع کرکے ہی اس قسم کی خبر جاری کریں۔