عسکری پارک حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار
کراچی: پرانی سبزی منڈی کے علاقے میں عسکری پارک میں گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی رپورت تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جھولا گرنے کی وجہ بولٹ ٹوٹنا اور اس کی گراریاں سلپ ہونا بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عسکری پارک میں جھولا گرنے کا حادثہ پیش آیا جس میں ایک لڑکی جاں بحق ہوئی اور کئی افراد زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد گورنر سندھ محمد زبیر نے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کی تھی۔
نجی ٹی وی کے مطابق واقعے کی کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیم نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس میں بتایا گیا ہے کہ جھولا چلنے کے دوران مین بولٹ ٹوٹ گیا جس سے اس کی گراریاں سلپ ہوئیں اور اس کے باعث جھولا گر گیا۔
حادثے کے بعد چیف سیکرٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان نے صوبے بھر کے پارکوں کے جھولے 3 روز کے لیے بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں اور اس دوران تکنیکی معاینے کے بعد مزید احکامات جاری کیے جائیں گے۔