شہادتوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوںگی، اے این پی رہنما
الیکشن کے دوران ہم کو ہی ٹارگٹ بنایا جا رہا ہے، ایک مرتبہ پھر سے ہماری آواز دبانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے
ذکاءاللہ محسن۔ریاض
ریاض میں عوامی نیشنل پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں متعدد رہنماؤں نے خطاب کیا۔عوامی نیشنل پارٹی کے سرگرم رکن ربانی خان کا کہنا ہے کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں بھی سب سے زیادہ اے این پی کو ٹارگٹ کیا گیا جس میں ہمارے سینئر رہنما شہید ہوئے اور درجنوں کارکن بھی لقمہ اجل بن گئے۔ الیکشن کمیشن ختم ہو کر رہ گئی اوراے این پی کو دیوار سے لگا دیا گیا۔ اب بھی الیکشن کے دوران ہم کو ہی ٹارگٹ بنایا جا رہا ہے۔ ایک مرتبہ پھر سے ہماری آواز کو دبانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔ ہارون بلور کی خود کش بم حملے میں شہادت ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی کیونکہ ہارون بلور کا خون رنگ لائے گا۔پشاور ہی نہیں پورے صوبے کے عوام عوامی نیشنل پارٹی کو کامیاب کروائیں گے۔
سینئر رہنما نصیر عیسی خان کا کہنا تھا کہ اے این پی پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے ۔اس نے جس طرح اپنے دور اقتدار میں کام کیا وہ ہمیشہ مثالی رہے گا مگر بدقسمتی سے گزشتہ5 سال خیبر پختونخواہ میں ترقیاتی منصوبوں نا ہونے کے برابر ہیں۔ پشاور شہر کی سڑکیں دھول مٹی کی آمجگاہ بنی ہوئی ہیں، صحت، تعلیم اور دیگر اداروں کی صورتحال بھی ابتر ہو چکی ہے۔پورے صوبے میں عوامی فلاحی منصوبے نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے عوام دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گئے ہیں۔الیکشن میں بھاری اکثریت سے اے این پی برسر اقتدار آے گی اور عوامی امنگوں کو پورا کرے گی۔
اے این پی کے اجلاس میں آدم خان، تاج ولی خان، محمد سعید، جوریز خان، نواز خان ،محبوب خان اور دیگر نے بھی ہارون بلور کی شہادت کے حوالے سے اظہار خیال کیااور ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کو تشویشناک قرار دیا۔