مستونگ واقعہ میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں ، انتخابات متاثر نہ ہوں
سیاستدانوں کے حفاظت میں اضافہ کیا جائے ، نوں لیگ ہی انتشا ر پر قابو پاسکتی ہے، ریاض کے تارکین کا ردعمل
ریاض(جاوید اقبال) مستونگ میں ہونے والے تباہ کن خودکش دھماکہ پر ریاض میں مقیم پاکستانی تارکین نے انتہائی غم و اندوہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وحشیانہ فعل کے پیچھے یقینا پاکستان دشمن بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے۔ بزم اقبال کے صدر انجینیئر عدنان اقبال بٹ نے کہا کہ اس وقت کچھ ممالک پاکستان میں انتشار اور بدنظمی پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہیں ۔ مستونگ اور اس سے پہلے پشاور میں ہونے والے پے درپے خودکش دھماکے اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاستدانوں کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا جائے۔ بزم ریاض کے صدر محمد ریاض راٹھور نے وحشت ناک واقعات کی مذمت کرتے ہوئے امن پسند قوتوں کیلئے چیلنج قرار دیا اور کہا کہ ا یسے بزدلانہ افعال انتخابات کو ملتوی نہیں کراسکتے۔ انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب ریاض کے صدر سردار محمد رزاق خان نے مستونگ میں ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی اور واضح کیا کہ اس بزدلانہ فعل میں اسی طاقت کا ہاتھ ہے جس نے کلبھوشن یادو کو ایسی ہی وحشیانہ حرکتوں کیلئے بھیجا تھا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کا جمہوریت کیلئے سفر جاری رہے گا۔ پی ایم ایل (ن) کے سینیئر مشیر ڈاکٹر محمود باجوہ نے مستونگ کے شہداءکے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے مقدمہ کے فیصلے اور انکی گرفتاری نے ملکی سیاست کو غیر متوازن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آج بھی ہر دلعزیز جماعت ہے ۔ صرف وہی ملک میں روز افزوں انتشار پر قابو پاسکتی ہے۔ انہوں نے سانحے کے ذمہ داروں کیلئے سخت اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا۔