ایئر انڈیا کے طیارے میں کھٹمل
اتوار 22 جولائی 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔ایئر انڈیا کی اس ہفتے امریکہ سے ممبئی کی پرواز میں بزنس کلاس میں مسافر وں کو کھٹملوں نے پریشان کردیا۔ذرائع نے بتایا پرواز میں ایک بچے کو کھٹملوں نے نشانہ بنایا جس سے مسافروں میں ناراضی پھیل گئی۔گزشتہ روز امریکہ سے ممبئی آنیوالی پرواز کے مسافروں کوبھی کھٹملوں سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ ان میں سے ایک مسافر نے ٹویٹر پر اپنی تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ایئر انڈیا 144 بزنس کلاس میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ابھی پہنچا ہی تھا کہ ہماری سیٹوں میں کھٹمل نظر آئے۔ سر!ٹرینوں میں کھٹمل کے ہونے کے بارے میں سنا تھا لیکن اپنے مہاراجا (ایئر انڈیا ) میں اور وہ بھی بزنس کلاس میں یہ حالت دیکھ کر حیران ہوگیا۔انہوں نے وزیر شہری ہوا بازی سریش پربھو کو بھی ٹویٹ کیا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹیوں کو آدھے سفر تک اکنامی کلاس میں ٹوٹے ہوئے ٹیبلوں اور بند پڑی ٹی و ی اسکرین کے ساتھ سفر کرنا پڑا۔ ایئر لائن نے جواب میں ٹویٹ کیا کہ آپ کی تکلیف پر ہمیں افسوس ہے۔ مسافروں کیلئے اعلیٰ انتظامی سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملے کے ساتھ مشاور ت کررہے ہیں۔غورطلب امرہے کہ گزشتہ سال ایئر انڈیا کی دہلی سے سان فرانسسکو کی پرواز میں چوہا پایا گیا تھا ۔اس کے بعد طیارہ کی پرواز میں 9گھنٹے کی تاخیر ہوئی تھی۔