83 برس کا طویل ترین چاند گرہن جمعہ کو ہوگا
اتوار 22 جولائی 2018 3:00
ریاض.... آئندہ ہفتے سعودی عرب میں گزشتہ 83 برسوں کا طویل ترین چاند گرہن ہو گا۔ اس بات کا اعلان فلکیاتی امور کی کونسل کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق نے کیا ۔ سوشل میڈیا پر اپنے اکائونٹس کے ذریعے الزعاق نے بتایا کہ 27 جولائی 2018 بروز جمعہ ہونے والے اس چاند گرہن کے عمل کا کْل دورانیہ 103 منٹ سے زیادہ ہو گا اور یہ نصف کرہ ارض پر مختلف سطح پر دیکھا جا سکے گا۔ سعودی عرب اور خلیج میں یہ چاند گرہن مکمل طور پر دیکھا جائے گا جو رات9بچ کر 10منٹ سے شروع ہو کر رات ایک بج کر19منٹ تک جاری رہے گا۔یاد رہے کہ چاند گرہن ایک فلکیاتی مظہر ہے۔ یہ اْس وقت رونما ہوتا ہے جب چاند، سورج اور زمین ایک ہی رخ میں آ جاتے ہیں اور زمین کا سایہ چاند سے منعکس ہونے والی سورج کی روشنی کو چْھپا لیتا ہے۔ ذی قعدہ کے آخر میں جزوی سورج گرہن بھی ہوگا جو مملکت اور عرب ممالک میں نظر نہیں آئے گا۔ اس صدی کا سب سے طویل مکمل چاند گرہن27 اور28 جولائی کی رات کو ہو گا۔ماہرین فلکیات کے مطابق 27 اور28 جولائی کی رات ایک گھنٹے اور 43منٹ کے چاند گرین کے دوران پوری زمین کا سایہ چاند ہو گا جو نہ صرف سال 2001 سے اب تک کا طویل مکمل چاند گرہن ہو گا بلکہ اگلے 82 برسوں یعنی2100 تک اتنا طویل مکمل چاند گرہن دوبارہ نہیں ہو گا۔ گرہن کے دوران اسے بنا(بغیر) کسی آلہ کے دیکھا جا سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں ماہرین فلکیات کے مطابق 20 جولائی کو مریخ زمین کے ٹھیک سامنے آ جائے گا بلکہ اس دن زمین سورج اور مریخ کے درمیان ہو گی۔ اس طرح جولائی کے آخر اور اگست کے ابتدائی دنوں میں غروب آفتاب سے طلوع آفتاب تک پورے عرصے مریخ دکھائی دے گا اور عام دنوں کے برعکس زیادہ چمکدار نظر آئے گا۔ یہ 31جولائی کو زمین کے سب سے قریب ہو گا۔ مریخ اوسطاـــ ً 26مہینوں میں ایک مرتبہ زمین اور سورج کے ٹھیک الٹ سمت میں آتا ہے اور 2003ء کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہو گا کہ مریخ زمین کے اتنا قریب ہوگا اور اتنا چمکدار دکھائی دے گا۔اگست 2003 ء میں یہ تقریباً 60 ہزار سال بعد زمین کے سب زیادہ قریب آیا تھا۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق پوری دنیا میں عموماً اور حرمین شریفین سمیت مملکت بھر میں خصوصاً چاند گرہن کے موقع پر صلاۃ الکسوف کا اہتمام کیا جائے گا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول یہی تھا کہ جب بھی چاند اور سورج گرہن ہوتا تو آپ اس کا اہتمام فرمایا کرتے تھے ۔ اس موقع پر گناہوں سے مغفرت طلب کی جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ سے اس کی رحمت کی بھیک مانگی جاتی ہے۔ ناداروں کیلئے صدقہ و خیرات اور مظلومین کی نصرت و حمایت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔