یکم محرم سے پیشوں میں تبدیلی کی اجازت
اتوار 22 جولائی 2018 3:00
ریاض.... وزارت محنت و سماجی بہبود نے نجی اداروں کو اپنے کارکنان کے پیشوں میں تبدیلی کی اجازت دیدی۔ تبدیلی پیشوں کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط کے مطابق ہوسکے گی۔ عملدرآمد نئے ہجری سال 1440سے ہوگا۔ وزارت کے ترجمان خالد اباالخیل نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ درخواست آن لائن پیش کی جائیگی۔ منظوری سے قبل اس امر کا جائزہ لیا جائیگا کہ آیا مطلوبہ پیشہ ان پیشو ںمیں سے تو نہیںجو سعودیوں کیلئے مخصوص ہوچکے ہیں اور غیر ملکیوں کو ان پر کام کی اجازت نہیں۔ علاوہ ازیں اس بات کا بھی یقین حاصل کیا جائیگا کہ آیا وزارت محنت کے قوانین اس کارکن پر لاگو بھی ہورہے ہیں یا نہیں جس کا پیشہ تبدیل کرایا جانے والا ہے اورآیا نیا پیشہ وہ کارکن حاصل کرنے کا مجاز بھی ہے یا نہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سعودی انجینیئرز کونسل ، سعودی ہیلتھ اسپیشلائزیشن کونسل اور سعودی چارٹرڈ اکاﺅنٹس کونسل کو پیشوں کی تبدیلی کے عمل میں شریک کیا جائیگا۔ مستقبل میں ضرور پڑنے پر مزید ادارو ںکو بھی شامل کیا جاسکے گا۔ مثال کے طور پر اگر کسی کارکن کے لئے انجینیئرنگ اور اسکے مختلف شعبوں کا پیشہ تبدیل کرایا جارہا ہو یا صحت پیشے پر اسے کام کرنے کی درخواست کی جارہی ہو یا اکاﺅنٹ سے تعلق رکھنے والا پیشہ اسے دلایا جارہا ہو ایسی صورت میں امیدوار کارکن سے مذکورہ کونسلز میں سے کسی ایک سے سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی تاکید کی جائیگی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سہولت کی بدولت لیبر مارکیٹ منظم ہوگی جبکہ مختلف پیشوں پر کام کرنے والوں کا معیار بہتر ہوگا۔ جو شخص جو کام کریگا وہ اسکے پیشے کے عین مطابق ہوگا۔