Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کردیا

کولمبو:اسپنرز کی شاندار بولنگ کی مدد سے سری لنکا نے مہمان جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریزکے دوسرے اور آخری میچ کے چوتھے دن199 رنز سے شکست دے کر کلین سویپ کردیا ۔ فتح کیلئے 489رنز کے تعاقب میں تھیونس برائن کی سنچری بھی مہمان ٹیم کیلئے مدد گار ثابت نہ ہو ئی ۔ پوری ٹیم دوسری اننگز میں290 رنز پر آوٹ ہو گئی ۔ رنگانا ہیرتھ نے 6جبکہ اکیلا دھننجایا اور دلرووان پریرا نے2،2وکٹیں لیں۔سری لنکن اوپنر دیموتھ کرنا رتنے شاندار بیٹنگ پر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔کرونا رتنے نے اس سیریز کی4اننگز میں مجموعی طور پر 356رنز اسکور کئے ۔ جنوبی افریقہ نے کھیل کے چوتھے دن 135رنز 5کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز دوبارہ شروع کی ۔ تھیونس بروون45اور ٹیمپا با ووما14رنز پر کھیلنے آئے ۔ دونوں کے درمیان 123رنز کی شراکت نے سری لنکن بولرز کو پریشان کئے رکھا جبکہ جنوبی افریقہ کے لئے بھی امید کی کرن پیدا ہوئی لیکن باووما نصف سنچری مکمل کرکے 63رنز پر کیچ ہوئے تویہ امید بھی دم توڑ گئی ۔ ان کے بعد کوئی اور بیٹسمین زیادہ دیر مزاحمت نہیں کرسکا۔ کوئنٹن ڈی کک8اور فاسٹ بولر کاگیسو ربادا18رنز بنا کر لوٹ گئے ۔ ڈی بروون نے سنچری مکمل کی لیکن 101کے انفرادی اسکور پر وہ ہیرتھ کی ایک گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے اور بولڈ ہو گئے ۔ انہوں نے232گیندیں کھیلیں اور8چوکے لگائے ۔ ڈیل اسٹین آوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے اور 6رنز پران کی وکٹ گرتے ہی 290کے مجموعی اسکور پرجنوبی افریقہ کی اننگز بھی سمٹ گئی اور اسے199رنز کی شکست کے ساتھ مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں ناکامی اور کلین سویپ سے دوچار ہونا پڑا۔لنگی نگیدی4کے ساتھ ناٹ آو ٹ رہے۔رنگانا ہیرتھ نے32.5اوورز میں98رنز دے کر6وکٹیں لیں۔ دلرووان نے90جبکہ اکیلا نے67رنز دے کر2، 2کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ سری لنکا نے گال میں کھیلا گیا، ٹیسٹ278رنزسے جیتا تھا۔

شیئر: