کولمبو ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کے اسپنر کا جادو
کولمبو:سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریزکے دوسرے میچ کے پہلے دن کیشو مہاراج نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے 8کھلاڑیوں کو آوٹ کردیا اور جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 9وکٹوں کے نقصان پر277رنز بنا لئے تھے اور اکیلا دھننجایا کے ساتھ رنگانا ہیرتھ وکٹ پر موجود تھے ۔ دونوں نے بالترتیب 16اور 5رنز بنائے ہیں۔پہلے ٹیسٹ میں اپنے اسپنرز کی مدد سے جنوبی افریقہ کو کھیل کے تیسرے ہی دن شکست دینے والی سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن اس میچ میں جنوبی افریقی اسپنر کے سامنے بے بس نظر آئی ۔ اوپنرز دنوشکا گو ناتھیلیکا اوردیموتھ کرونارتنے نے ٹیم کو 116رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن جب کیشو مہاراج کی گیند اسپن ہونے لگی تو اس نے میزبان بیٹسمینوں کو بھی گھما کر رکھ دیا۔ دونوں اوپنرز نے کے علاوہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے دھننجایا ڈی سلوا نے بھی نصف سنچری اسکور کی ۔ یہ تینوں با لترتیب57،53اور60رنز بنا کر آوٹ ہوئے اور تینوں وکٹیں مہاراج نے لیں ۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ اسپنر نے مزید5وکٹیں حاصل کیں اوران 8وکٹوں کے عوض صرف116رنز دیئے ۔پہلے دن گرنے والی9وکٹوں میں سے ایک کاگیسو ربادا کے حصے میں آئی۔روشن سلوا22اور کوشل مینڈس21رنز جبکہ دلرووان پریرا 17رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ پہلے دن کا کھیل خراب روشنی کی وجہ سے4اوور پہلے ختم کرنا پڑا۔