نواز شریف ، ہندکا حمایتی ہے‘ عمران خان کا الزام
لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے نہ صرف ممبئی حملوں پر پاک فوج کے خلاف مہم چلائی تھی بلکہ ہندوستانی موقف بھی پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیرا عظم کو ہند کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب کشمیریوں پر ہند ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ لاہور میں گزشتہ روز انتخابی مہم کے آخری دن مختلف مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان مظلوم بننا کا ڈراما رچا رہا ہے۔ اگر انہوں نے قوم کا پیسہ چوری نہ کیا ہوتا تو آج انہیں جیل جانا پڑتا اور نہ ہی جیل میں گرمی محسوس ہوتی۔ عمران خان نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی تقدیر بدلنے کا وقت ہے۔ 25 جولائی کو بدھ کو خود بھی ووٹ کےلئے گھروں سے نکلنا ہے اور دوسروں کو بھی نکالنا ہے ۔ انہوں نے اپنے کارکنوں کو الیکشن کے دن دھاندلی کرنے والوں پرکڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔