”میرے آزاد وطن کے غلام لوگو“
راولپنڈی: ”میرے آزاد وطن کے غلام لوگو“ یہ الفاظ ہیں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے جن کا اڈیالہ جیل سے آڈیو پیغام گزشتہ روز ان کی بیٹی مریم نواز کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے جاری کیا گیا ہے۔ اس آڈیو پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ برسوں سے ہماری خرابیوں کی ذمے دار دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آ چکا ہے۔ کارکنوں کو دیے گئے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ میں انتخابات کے حوالے سے آپ کا ولولہ دیکھ رہا ہوں۔ ہر جانب ووٹ کو عزت دو کے نعرے بھی مجھے سنائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے آزاد وطن کے غلام بنا دیے جانے والے لوگو! اب بدل ڈالو یہ سب کچھ، میں اور مریم آج اسی لیے جیل میں قید ہیں کیونکہ ہم نے عوام کی عزت کے لیے تحریک اٹھائی۔ نواز شریف نے کارکنوں اور عوام کو پیغام میں کہا کہ ووٹ کی عزت اور حرمت کے لیے 25 جولائی کو نماز فجر کے بعد گھروں سے نکلو اور ملک کی تقدیر بدل ڈالو۔