لندن.... ویسٹ مارسیا علاقے کی پولیس نے 3ایسے خطرناک بدمعاشو ں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے ایک 3سالہ بچے پر تیزا ب سے حملہ کیا تھا۔ حملے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے مگر خفیہ کیمرے کی مدد سے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کی عمر 22، 25اور26سال بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وولورہیمٹن سے تعلق رکھنے والے39سالہ شخص کو شبے کی بنیاد پر گرفتار کیاگیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ 3سالہ بچے پر بدمعاشوں نے اس وقت حملہ کیا جب معصوم بچہ اپنی ماں کے ساتھ ورسٹر شائر میں شاپنگ پر نکلا تھا۔ بچے کو تیزا ب کے حملے میں شدید زخم آئے ہیں۔ بازو اور چہرہ بری طرح متاثر بتایا جارہا ہے تاہم اسپتال میں اسکی حالت خطرے سے باہر ہے۔ چیف سپرنٹنڈنٹ پولیس مارک ٹریو س کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس اس واقعہ کو عمداًقاتلانہ حملہ سمجھ رہی ہے اور اسی بنیاد پر پورے واقعہ کی جانچ پڑتا ل ہورہی ہے۔ تینوں ملزمان کو لندن سے 130میل دور سے ایک ساتھ گرفتار کیا گیا۔ ملزمان گرفتاری کے وقت کسی دوسرے شاپنگ مال میں آوارہ گردی کرتے نظر آئے تھے اور پولیس کا خیال ہے کہ وہ یہاں بھی کسی نہ کسی کو تیزابی حملے کا نشانہ بناسکتے تھے۔ بچے پر تیزاب کے حملے سے ماں کی حالت خراب ہوگئی تھی ایک جانب بچے کو سنبھالنا اور دوسری جانب دل شکستہ ماں کا خیال رکھنا کافی مشکل کام تھا مگرکچھ رضاکاروں نے بڑھ چڑھ کر مدد کی ۔ محکمہ خفیہ کے انسپکٹر ٹونی گارنر کا کہنا ہے کہ ان تینوں کی گرفتاری عمل میں آچکی ہے مگر پولیس کی خواہش ہے کہ اگر لوگ اس بارے میں مزید معلومات رکھتے ہیں تو فوری طور پر انہیں آگا ہ کریں۔ بچہ اسپتال میں روبصحت ہے اور ڈاکٹروںکا خیال ہے کہ وہ جلد ہی پوری طرح سے صحتیاب ہوجائیگا مگر تیزا ب کے مابعد اثرات کیسے ہونگے؟ اس بارے میں کہنا کافی مشکل ہوگا۔