Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نفرت کا پرچار کرنے والے ذہنی مریض ہیں، اسلام انسانیت کا علمبردار ہے، رابطہ اسلامی

ریاض..... رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ نفرت کا پرچار کرنے والے ذہنی مریض ہیں۔ اسلام انسانیت کا علمبردار مذہب ہے۔ انہوں نے مغالطہ آمیز تصورات کی اصلاح، بنی نوع انساں کے درمیان قربت اور افہام و تفہیم کی خاطر مختلف ثقافتوں کے علمبرداروںکے ساتھ مکالمے کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں خود ساختہ خدشات کے ماحول سے اوپر اٹھنے کیلئے مکالمہ کرنا ہوگا۔ سیکریٹری جنرل نے اس امر پر زور دیا کہ افکار کا مقابلہ افکار ہی سے کیا جاسکتا ہے۔ کسی کے بھی نظریات کو قائل کرکے ہی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اسکے بغیر کوئی اور راستہ نہیں۔ العیسیٰ نے ”الرجل“ مجلے کو جامع انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ نفرت ، عداوت، نسلی تفریق اور فرقہ واریت کا پرچار کرتے ہیں وہ ذہنی مریض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے لوگ حقیقی اور بنیادی مسائل کو نظر انداز کرکے اس طرح کی حرکتوں کے مرتکب ہوتے ہیں۔انہوں نے توجہ دلائی کہ اسلام سے منسوب بعض لوگوں نے تشدد انتہا پسندی یا دہشتگردی اختیار کرکے اسلام فوبیا کو ہوا دی۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ سب لوگ قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے اپنی فکر اور اپنے نظریئے کے دلائل پیش کرنے میں قرآنی آیات اور احادیث کی روح کے منافی حرکت کرتے ہیں۔ یہ لوگ ایک طرح سے تحریف کے مرتکب ہوتے ہیں اور قرآن و سنت کو بدنام کرتے ہیں۔ العیسیٰ سے سوال کیا گیا کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ مذہب مسئلے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ غلط ہے بلکہ دین تو مسئلے کے حل کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رابطہ عالم اسلامی سال رواں کے موسم گرما کے اختتام پر اقوام متحدہ کے سائبان تلے عالمی کانفرنس منعقد کریگا۔ اس موقع پر نفرت کے پیغام سے نمٹنے کی حکمت عملی پر مباحثہ ہوگا۔

شیئر: