سب کی نظریں سعودی عرب پر
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ
آجکل دنیا بھر کی نظریں سعودی عرب کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ مبارک ایام شروع ہوچکے ہیں اورسعودی عرب مقدس ترین اسلامی مقامات کی پاسبانی کا اعزاز حاصل کئے ہوئے ہے۔ بے شمار لوگوں کے دل بیت اللہ شریف اور مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے تڑپ رہے ہیں۔ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حکومت ضیوف الرحمن کی خدمت میں دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ حجاج کرام اور معتمرین حضرا ت کو وہ سب کچھ فراہم کرنے کا اہتمام کیا جارہا ہے جسکی ان کو ضرورت ہے۔ دونوں رہنما ریاست کے تمام اداروں کو حجاج کی خدمت کیلئے وقف کئے ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جو اس مبارک سرزمین کو حرمین شریفین اور انکے زائرین کی خدمت کا آسمانی اعزاز بخشا ہے اسکا تقاضا ہے کہ اس ریاست کے قائدین اور عوام شاندار اور اعلیٰ ترین خدمات پیش کرنے کا فرض احسن شکل میں انجام دیں۔
سعودی حکومت نے حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت کے سلسلے میں ادنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لیا۔ مملکت نے اپنے جملہ وسائل وقف کردیئے۔ خادم حرمین شریفین نے جدہ کے قصر السلام میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سرکاری و نجی اداروں کو ضیوف الرحمن کیلئے فرش راہ بن جانے کی جو ہدایات جاری کیں وہ ایک طرح سے اس فرض کی تاجپوشی اور اس با ب میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کی تاکید و توثیق ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭