Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹر کا وزیر اعظم بننا ہمارے لئے قابل فخر ہے ، غیر ملکی کھلاڑی

 
اسلام آباد:عمران خان کو انتخابات جیتنے پر ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے مبارکباد پیش کی ہے۔ کپتان کپل دیو نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا بہت خوشی کی بات ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی کھلاڑی وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے والاہے لہذا دعا ہے کہ جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں وطن کے لیے کام کیا، اس سے زیادہ بہتر انداز میں پاکستان کی خدمت کریں اور ترقی سے ہمکنار کریں۔کپل دیو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان میں پہلے بھی جنون تھا اور اب بھی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اسے ملکی ترقی کے لئے استعمال کریں گے۔ ا گر ان کی کوشش سے پاک،ہندکرکٹ تعلقات بحال ہوگئے تو مجھے بے حد خوشی ہوگی۔انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے بھی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ میرا اعزاز ہے، میں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ان کی 22 برس کی محنت دیکھی ہے۔ معروف کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے بھی عمران خان کو اپنا کرکٹ ہیرو قرار دیتے ہوئے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ عمران بلند معیار ترقائم کرنے کی روشن مثال ہیں اور سیاست میں بھی ا س مقام پر پہنچ رہے ہیں۔تبصرہ کار اور سابق انگلش کرکٹر جیفری بائیکاٹ نے بھی عمران خان کو زبردست کپتان اور کرکٹر قرار دیا اور انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ سیاسی لیڈر کے طورپر بھی بہتر کام کریں گے۔ انگلینڈ کے ایک اور سابق کرکٹر مائیکل وان نے بھی عمران خان کی فتح کی خبر کو زبردست قرار دیا۔ویسٹ انڈیز کے تبصرہ نگارر اور سابق کرکٹر این بشپ نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں دل کی گہرائیوں سے عمران خان کو مبا رکباد پیش کی اور کہا کہ سن کر فخر ہوا کہ ایک شاندار سابق کرکٹر ملک کی قیادت میں اہم کردار ادا کر سکے گا، میری دعا ہے کہ وہ دیانتداری اور مثالی قیادت کی روشن مثال بنیں۔ سابق ہندوستانی کرکٹر بشن سنگھ بیدی نے ٹویٹ کیا کہ 'عمران خان پاکستان کے لیے بہترین خبر ہیں۔کوئی کرکٹر عمران جیسا محنتی نہیں۔ امید کرتا ہوں کہ وہ سیاسی میدان میں بھی ایسی ہی محنت کریں گے اور ان کا راستہ نہیں روکا جائے گا۔ مبارک ہو عمران خان۔ ہندوستانی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کہا کہ عمران خان کو قوم کی رہنمائی کرتا دیکھنا دلچسپ ہوگا۔
 

شیئر: