عمران خان کی کامیابی پر کھلاڑیوں کی مبارکباد
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
لاہور:قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی، اوپنر احمد شہزاد اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سمیت کئی موجودہ اور سابق قومی کرکٹرز نے انتخابات میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔ آفریدی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ” پاکستان اور تحریک انصاف کو تاریخی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں،22سال کی جدوجہد رنگ لے آئی اور وہ اس کے حقدار بھی تھے۔پاکستانیوں کو آپ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ ہمیشہ کی طرح لیڈ کریں گے ۔میری تمام سیاسی جماعتوں اور میڈیا سے اپیل ہے کہ ان نتائج کو تسلیم کرکے پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کریں ۔ ٹیم کے سابق اوپنر احمد شہزاد نے عام انتخابات 2018ء میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔ احمد شہزاد نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ” 22سال کی جدو جہد، مسلسل کوششوںاور ایک مقصد کے حصول کے لئے کوششیں با لآخر رنگ لے آئی ہیں۔مبارک ہو عمران خان بھائی۔با لآخر ہمیں وہ رہنما مل گیا جس پر ہم آج کے دور میں فخر کرسکتے ہیں ۔نئے پاکستان کا خواب اب عملی تعبیر کی شکل اختیارکرے گا ۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے عام انتخابات 2018ء میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارک باد دی ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ” یہ 22 سال کی انتھک کوششوں، مضبوط ارادے اور کبھی ہار نہ ماننے کا ثمر ہے ، عمران خان کو بہت بہت مبارک باد، آپ نے یہ کردکھایا ۔