اردو افسانوی زبان ہے جو سر چڑھ کر بولتی ہے ، بشیر الدین فاروقی
اتوار 29 جولائی 2018 3:00
اردو زبان سے دین و دنیا کا علم مل سکتا ہے ، سلیم فاروقی،اردو کی بقا ءکیلئے میدان میں اترنا ہوگا، شیخ ابراہیم
جدہ ( امین انصاری ) حیدرآباد دکن کے معروف خادم اردو بشیر الدین فاروقی کی جدہ آمد پر اردو اکیڈمی جدہ کے جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی نے تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا ۔کارگزار صدر اردو اکیڈمی شیخ ابراہیم نے مہمان کا ستقبال کیا ۔ سلیم فاروقی سے تعارف کراتے ہوئے کہا کہ بشیر الدین فاروقی برسہا برس سے اردو کے فروغ اور اس کی ترویج میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ موصوف سابق ڈی ای او ہیں اور اردو میڈیم اسکولوں کی بہتر کارکردگی کیلئے لائحہ عمل تیار کرکے اسکول انتظامیہ کو قیمتی مشوروں سے نوازتے ہیں۔ طلباءکو اردو زبان سے جوڑنے کیلئے وہ ان کی ذہن سازی کرتے ہیں اور اس بات پر قائل کرتے ہیں ۔ اردو ہماری مادری زبان ہے اور اس کے حصول سے دین اور دنیا کا علم ہمیں مل سکتا ہے ۔ کارگزار صدر شیخ ابراہیم نے کہا کہ ہر شخص اردو کے فروغ کا دم بھرتا ضرور ہے لیکن عملی طورپر اس کی بقا ءکیلئے اپنا وقت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے والوں کا فقدان ہے ۔ بشیر الدین فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو کی مٹھاس اپنی جانب کھینچتی ہے ۔ لوگ اس زبان سے متاثر تو ہوتے ہیں لیکن دنیا کے سامنے اردو نہیں بولتے انگریزی کا سہارا لیتے ہیں لیکن اگر ہم سروے کریں تو دلوں پر راج اردو زبان ہی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو مٹانے میں غیر اردو داں کا ہاتھ نہیں بلکہ اس کے ذمہ دار ہم خود ہیں ۔ ہمیں اپنی مادری زبان کی حفاظت اور اس کی ترویج کا طریقہ کار نہیں آیا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اردو پہلے سے کہیں زیادہ پروان چڑھ رہی ہے اور اس کی نئی بستیاں پوری دنیا میں آباد ہورہی ہیں۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں اردو بولنے والوں کی کثیر تعداد موجود ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ زبان کو کسی مذہب یا شخصیت سے نہ جوڑیں ۔ اردو ایک افسانوی زبان ہے جو ہر ایک کے سر چڑھ کر بولتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سینکڑوں غیر مسلم شاعر اور کروڑ وں ہندو اردو زبان بولتے اور لکھتے و پڑھتے ہیں ۔اس موقع پر شیخ ابراہیم اور سلیم فاروقی نے مہمان بشیر الدین فاروق کی شال پوشی کی اور اردو اکیڈمی کا ساوئینیئر پیش کیا ۔