کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہیں،حافظ محمد شبیر
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
محمد عرفان شفیق۔ کویت
پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر نے کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے پر عمران خان اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے پر وہ مسلم لیگ ن کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں انتخابی عمل کے دوران ہونے والی تلخیاں بھلا کر خدمت کا عمل شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی جمہوری نظام کا اہم حصہ ہے، اس لئے دونوں بڑی جماعتیں قوت برداشت کا مظاہرہ کریں۔ حافظ محمد شبیر نے مزید کہاکہ سندھ میں واضح اکثریت سے کامیابی پر وہ پیپلز پارٹی کے جیتنے والے امیدواروں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے۔ یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ پاکستان میں مسلسل 3 اسمبلیوں نے معیاد پوری کی۔جمہوری نظام جتنا مضبوط ہو گا ملک کیلئے اتنا ہی بہتر ہو گا۔وہ امید کرتے ہیں کہ سیاستدانوں نے قوم سے جو وعدے کئےہیں، انہیں پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ان انتخابات میں ہر کوئی باہر نکلا اور ووٹ کا حق استعمال کیا ،جن لوگوں نے ملک کو لوٹا، ان کے لئے قوم نے بڑا اچھا پیغام دے دیا۔ اب ملک اور قوم کے دفاع کی ذمہ داری صرف فوج کا ہی کام نہیں اس کیلئے ملک وقوم اور عوام کو باہر نکلنا ہو گا۔