جدہ :پاکستان تحریک انصاف کے تحت انتخابات میں کامیابی پر یوم تشکر
عمران خان قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے ، حالیہ انتخابات میں کامیابی محض پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی ہے ، شرکاء کا اظہار خیال
مصطفی خان ، جدہ
پاکستان تحریک انصاف جدہ، ویسٹرن ریجن سعودی عرب کے زیر اہتمام مقامی ریستوران میں پی ٹی آئی کی حالیہ انتخابات میں کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا- تقریب کی صدارت ویسٹرن ریجن کے انفارمیشن سیکرٹری زاہد اعوان نے کی، جبکہ ڈاکٹر محمد احمد زبیر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کی نظامت جدہ سٹی کے جنرل سیکرٹری عجب خان دیشانی نے کی۔ باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ سینیئر رہنما عبداللہ رحمان نے اپنے خطاب میں سب حاظرین کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں جدہ سٹی کے صدر میاں احمد بشیر، نائب صدر شہباز بھٹی، سینیئر رہنما عدنان فاروقی، جدہ بزنس فورم کے صدر چوہدری ظہیر، دیر ونگ کے صدر اصغر شنواری، نائب صدر جمیع اللہ، کوآرڈینیٹر مڈل ایسٹ ، ممبرمڈل ایسٹ الیکشن کمیشن قیصر جاوید بھٹی اور دیگر مقررین نے پی ٹی ائی کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا اور اسکو پوری قوم کی کامیابی سمجھتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد دی۔ مقررین نے اپنی تقاریر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم بننے کی مبارکباد دی- مقررین نے اپنی تقاریر میں نئے پاکستان کو درپیش چیلنجز نمٹنے کیلئے مختلف آراء دیں اور امید ظاہر کی کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے سے کیا گیا اور حاظرین کامٹھائی سے منہ میٹھا کیا گیا۔