Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابی نتائج پر پاکبانوں کا اظہار اطمینان

جماعتوں کے سڑک پر آنے سے ذوالفقار علی بھٹو کے دور کی یاد تازہ کرنے کے خدشات،الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالات، عمران خان سے یوم نجات اور توبہ و استغفار منانے کی اپیل
ریاض (جاوید اقبال)25جولائی کو پاکستان میں ہونے والے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں پاکستانی تارکین نے بے پناہ دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اکثریت نے نتائج پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ انصاف ڈاکٹرز گروپ سعودی عرب کے قائم مقام صدر اوورسیز نائب صدر ڈاکٹر عاطف چوہدری نے ووٹنگ میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدر ی نثار جیسے امیدوار نے اپنی شکست کو تسلیم کیا ہے جبکہ یورپی یونین نے انتخابات کو شفاف قرار دیا ہے۔ ان حالات میں دھاندلی کے الزامات ایک شکست خوردہ ذہن ہی لگا سکتا ہے۔ مسلم لیگ ریاض کے سینیئر مشیر ڈاکٹر محمود باجوہ نے کہاکہ عمران خان کو توقعات سے زیادہ کامیابی ملی ہے اسلئے خدشہ یہ ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اگر سڑک پر آگئیں تو تاریخ اپنے آپ کو ایسے ہی نہ دہرادے۔ جیسے ذوالفقار علی بھٹو کے وقت میں اس نے دہرایا تھا۔ انڈس فورم کے صدر ذیشان قاضی نے الیکشن کے نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ گیند عمران خان کے کورٹ میں ہے۔ معاشرے کی اصلاح کرنا انکا کام ہے۔ البتہ نتائج کا تاخیر سے آنا کچھ سوال چھوڑ گیا ہے۔مکتبہ دارالسلام کے سیلز مینجر فیصل علوی کا کہناتھا کہ ہمارے ملک کو جس جماعت کو فاتح کرنا ہوتا ہے اس کے لئے ماحول بنادیا جاتا ہے۔ پی پی پی ریاض کے جنرل سیکریٹری وسیم ساجد نے کہا کہ وہ تمام تحفظات کے باوجود نتائج کو قبول کرتے ہیں اور یہ کہ تحریک انصا ف کو اس کے اہداف کے حصول کے لئے جتنی بھی حمایت درکار ہوئی وہ مہیا کریں گے۔معروف سماجی شخصیت سید جلیل حسن نے الیکشن کے نتائج کو قبول کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوال اٹھائے اور کہا کہ کیوں ناقص مشینری کا استعمال کیا گیا۔ انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے صدر سردار رزاق خان نے کہا کہ انتخابات میں منظم اور بڑی دھاندلی گئی ہے۔ معروف شاعر صدف فریدی نے کہا کہ لوگ ستاروں اور نوشتہ دیوار کی باتیں کرتے رہے یقینا وہ قبولیت کالمحہ تھا۔ وطن کو ایک پرعزم او رخودمختار قیادت میسر آئی ہے۔ پاکستان کا وقار بحال ہوگا۔جدہ سے آفتاب عالم خان نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو عمران خان کی زیر قیادت تحریک انصاف کے الیکشن 2018ءمیں کامیابی پر دلی مبارک پیش کرتا ہوں۔ جس جہد مسلسل اور صبر و تحمل سے عمران خان نے ایک طویل عرصہ کے بعد جو بے مثال کامیابی حاصل کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ جس پر پوری قوم کے ساتھ وہ خود اور انکے رفقائے کار مبارکباد کے مستحق ہیں۔ میری چیئرمین تحریک انصاف سے درخواست اور دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ اس کامیابی اور ملک لوٹنے والوں سے نجات کے موقع پر آئندہ ہفتہ، بدھ ، جمعرات اور جمعہ کو شکرانہ ادا کریں ،ساتھ ہی ایا م توبہ منائیں۔ پوری پاکستانی قوم ان ایام میں اپنا کڑا احتساب کرے اور 70سالوں سے پوری قوم پر مسلط چور اور لٹیرے حکمرانوں سے نجات پر شکرانے کے نوافل ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے توبہ استغفار کرے۔ جمعہ کے دن اجتماعی دعا کا اہتمام کیا جائے تاکہ نئے پاکستان کی نئی صبح کا آغاز نئے انداز اور بارگاہ الہیٰ میں سربسجود کرتے ہوئے ہو۔ قوم کو آنے والے ایام، ماہ وسال میں ترقی اور خوشحالی نصیب ہو۔ 
 

شیئر: