Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فخرزمان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ،16ویں پوزیشن

 
مردان:پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز ساتھی کھلاڑیوں کے تعاون سے حاصل ہوا ہے اس کیلئے اپنی ٹیم کا بھی شکرگزار ہوں۔ آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں فخر زمان پہلی مرتبہ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل ہو ئے ہیں۔ انہوں نے22درجے ترقی کرکے 16ویں پوزیشن حاصل کی ہے ۔ فخر زمان نے کہا کہ مزید بہتر کارکردگی کیلئے پر جوش ہوں۔ پوری کوشش ہے کہ کارکردگی میں مزید بہتری آئے ،ٹیم کی کامیابیوں میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف 5میچوں کی سیریز میں 515 رنز بنائے تھے۔ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا ۔ فخر زمان کے ساتھی اوپنر امام الحق 43 ویں نمبر پر آگئے۔ امام الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں 3سنچریوں کی مدد سے 395 رنز اسکور کئے تھے۔ امام الحق نے 51 درجے بہتری کے بعد 43 ویں پوزیشن سنبھالی۔ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز ختم ہونے پر جاری ہو نے والی رینکنگ میں پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی پہلے اور انگلینڈ کے جوئے روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی بولرز کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔ آل راونڈر فہیم اشرف 149ویں سے 79ویں جبکہ شاداب خان 53ویں نمبر سے 31ویں نمبر پر آگئے۔  ون ڈے کے بہترین بولرز کی فہرست میں ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ  بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ افغانستان کے راشد خان اور پاکستان کے حسن علی نے بالترتیب اپنی دوسری اور تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ آئی سی سی ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ 127 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ہند 121 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، جنوبی افریقہ 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ 112 پوانٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 104 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پانچویں نمبر پر ہے۔

شیئر: