3چوروں نے ایکیوریم سے زندہ شارک چوری کرلی، کمبل میں لپیٹ کر لے بھاگے
سان انتونیو، ٹیکساس.... چوری ایک ایسا جرم ہے جس کے ارتکاب کی نفسیاتی وجوہ پوری طرح سامنے نہیں آسکی ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ چور زندہ مردہ ہر چیز چرا لیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ مقامی ایکیوریم میں اس وقت پیش آیا جب 3عیار چوروں نے ایکیوریم میں ایک زندہ شارک کو چوری کیا، کمبل میں لپیٹا اور لے بھاگے۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ بھاگتے وقت کچھ لوگوں نے اسے دیکھ کر عجب ردعمل کا اظہار کیا مگر چور اتنے چالاک تھے کہ انہیں مطمئن کرنے کی غرض سے ایسا ظاہر کیا کہ وہ کسی بیمار بچے کو اٹھا کر لیجارہے ہیں مگر جب شارک کے چوری ہونے کی خبر عام ہوئی تو اسکی تلاش بھی شروع ہوگئی۔ خفیہ کیمروں نے ان تینوں چوروں کی نشاندہی کردی ۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو میں ایک شخص کو ایکیوریم کے حوض سے شارک کو نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دوسرا اسے بچوں کے ایک اسٹرالر پر ڈالتا نظر آتا ہے اور تیسرا اسے کمبل میں لپیٹتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کوئی خاتون بھی ان چورو ںکی معاونت کررہی تھی۔ سان انتونیو ایکیوریم کی جنرل مینجر جینی اسپیل مین نے پولیس کو بتایا کہ ایک چور پولیس کی حراست میں ہے اور دوسرے دو چوروں کو گرفتار کرنے کیلئے باقاعدہ وارنٹ جاری کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گرفتار اور پولیس کی حراست میں موجو دچور نے چوری کا اعتراف کیا ہے تاہم پولیس نے اب تک اس چور کا نا م ظاہر نہیں کیا۔ چور ی کا یہ عجیب و غریب واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا۔