ہزارواں ٹیسٹ: انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 285 رنز
برمنگھم: انگلینڈ نے اپنی تاریخ کا ہزارواں ٹیسٹ کھیل کر نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ ہند کے خلاف5ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ ہزارواں ٹیسٹ کھیلنے والی دنیا کی پہلی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلش بیٹسمین، ہندوستانی اسپنر روی چندرن ایشون کے جال میں پھنس گئے ، روی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 9وکٹوں پر 285 رنز بنائے تھے۔ ایلسٹر کک نے 13 اور کیٹن جیننگز نے 42 رنز بنائے۔ دونوں کو بالترتیب ایشون اور محمد شامی نے بولڈ کیا۔ کپتان جوئے روٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ بدقسمتی سے وہ ویرات کوہلی کی براہ راست تھرو پر رن آوٹ ہو گئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بریسٹو نے بھی ہندوستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور 70 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں اومیش یادو نے بولڈ کیا۔ بین اسٹوک21 اور جارحانہ بیٹسمین جوز بٹلر صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ اسٹورٹ براڈ ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔ تینوں وکٹیں ایشون کے حصے میں آئیں۔ عادل رشید کو ایشانت شرما نے 13 پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ روی چندرن ایشون نے 60 رنز دیکر 4 وکٹیں لیں۔ 2 وکٹیں محمد شامی کے حصے میں آئیں۔ اس تاریخی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے کرس جیفنری کے ساتھ پاکستان کے علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انگلینڈ نے 1877ءمیں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس سے قبل کھیلے گئے 999 میچوں میں انگلینڈ نے 357 میں فتح حاصل کی جبکہ 297 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 345 ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے۔ مجموعی طور پر اس ٹیسٹ کا نمبر 2314ہے۔