کنگ پینگوئنز کی سب سے بڑی بستی تباہی سے دوچار
آکسکوچون ، بحر ہند....بحر ہند کے اس علاقے میں بڑی قدو قامت کی پینگوئنز کی آبادی اچھی خاصی ہے۔ ماہرین آبی حیاتیات کا کہناہے کہ اتنی بڑی پینگوئنز دنیا کی کسی علاقے میں شاذو نادر ہی نظر آتی ہیں مگر یہاں انکی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ انہوں نے اپنی ایک بہت بڑی بستی بنالی ہے مگر نامساعد حالات، موسمی تغیرات اور انسانی غفلت تینو ںنے مل کر اس بستی کو اجاڑنے کا نت نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ 1990کے عشرے کے آخری دنوں میں شروع ہونے والا انحطاط اتنا بڑھا کہ اب اس بستی کی آبادی کم از کم 90فیصد گھٹ گئی ہے۔ کچھ لوگ پینگوئنز کی تعداد میں اتنی ہولناک کمی کو سمندری حدود میں ایلنینو سانحہ کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔ مگر سائنسدان اب تک یہ طے نہیں کرپائے کہ آخر اصل وجہ کیا ہوئی کہ اس تیزی سے یہ غائب یا ناپید ہوتے جارہے ہیں۔کہا جاتا ہے کہ 1990ءمیں اور اس سے قبل یہاں پینگوئنز کے5لاکھ جوڑے رہتے تھے اوران پینگوئنز کی مجموعی تعداد 20لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ پینگوئنز کی بستی کے اجڑنے کے اسباب جاننے کیلئے کچھ فوٹو گرافرز ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بستی کے قریب پہنچے تو بستی کو سنسان دیکھ کر سخت حیران ہوئے اور انہوں نے ماہرین آبی حیاتیات کو تمام تصاویر فراہم کرتے ہوئے اس سلسلے میں ضروری اقدامات کیلئے کہا ہے۔