مونگیر : بورویل میں گرنے والی بچی30گھنٹے بعد باہر نکال لی گئی
مونگیر۔۔۔۔بہار میں این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے بورویل میں گرنے والی بچی کو تقریباً30گھنٹے کی مشقت کے بعد باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ضلع مونگیرکے کوتوالی تھانہ علاقے کے مورگیاچک محلے میں ایک گھر کے آنگن میں سمرسیبل کیلئے 165فٹ گہری بورنگ کی گئی تھی جس میں سنو نامی بچی کھیلتے ہوئے گر گئی اور45فٹ نیچے جاکررک گئی تھی۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔ کنویں میں گرنے والی بچی کو سیلنڈرز پائپس کی مدد سے آکسیجن پہنچائی جاتی رہی ۔موقع پر موجود ڈاکٹروں کی ٹیم اور ایمبولینس سے اسے صدر اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سنو کو بحفاظت بورویل سے نکالنے جانے پر خوشی کا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کو تسلی دی۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اورامدادی ٹیموں نے بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کیاجو شکریہ کی مستحق ہیں۔وزیر اعلیٰ نے سنو کو اعلیٰ طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت اور جلد صحت یابی کی تمنا کی۔